بھٹکل :16/ستمبر(ایس اؤ نیوز) سنیچر کو ساگر روڈ پر واقعہ الیکٹری سٹی دفتر کے ہال میں بجلی سپلائی کمپنی لمیٹیڈ ہیسکام کے زون بھٹکل کے معاون ایگزیکٹیو انجنئیر منجوناتھ کی موجودگی میں بجلی گاہکوں کے مسائل کی سماعت کے لئے میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
میٹنگ میں بیللکھنڈ ، مرمبلی اور مٹھلی علاقہ میں بجلی کے کھمبے جھکے ہونے کی شکایت کے ساتھ ساتھ برسوں پرانی تاریں جھولتی رہنےکے متعلق شکایت کی گئی تو معاون ایگزیکیٹیو انجنئیر منجوناتھ نے جائے وقوع پر اپنے افسران کو بھیج کر مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دیا۔
اس موقع پر منجوناتھ انجنئیر نے مرکزی حکومت کے سوبھاگیہ منصوبے کے متعلق مفصل جانکاری دیتے ہوئے مارچ 2019کے اندر تمام گھروں کو بجلی کنکشن دینے کے متعلق حکم جاری ہونے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ماہ دسمبر کے اندر تعلقہ کے تمام علاقوں میں بجلی کنکشن فراہم کرنا ہے ،اوراس کی ٹینڈر کارروائی اگلے ماہ پوری کی جائے گی اس کے بعد باقاعدہ عملی کام شروع ہوگا۔
ٹھیکدار سریندر کامت نے بتایا کہ کاروار، کمٹہ ، ہوناور میں بجلی کنکشن کٹ ہوتا ہے تو بھٹکل میں بھی کرنٹ چلا جاتاہے۔ اس کے لئے پڑوس کے بیندور سے متبادل انتظام کرتے ہوئے بجلی حاصل کی جانی چاہئے۔ اس تعلق سے جواب دیتے ہوئے منجوناتھ نے بتایا کہ سال 2010میں ایک کے وی پاوراسٹیشن کی تعمیر کے لئے دی گئی پیش کش کو سال 2018میں منظوری ملی ہے۔ اس کی کارروائیاں شروع ہونی ہیں،جس کے بعد ہی بجلی کا یہ مسئلہ حل ہوگا۔
انجینر منجوناتھ نے عوام الناس سے کہا کہ کہیں بھی بجلی کے تعلق سے کوئی حادثہ پیش آتاہے تو دفتر کے نمبر پررابطہ نہ ہونے پر ہیسکام امدادی نمبر 1912کو فون کرسکتے ہیں۔ انجنئیر نے بتایاکہ تعلقہ میں 90فی صدی پرانے بجلی کے کھمبے اور پرانی تاروں کو بدلنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گاہکوں کو کوئی تکلیف دئے بغیر کام انجام دیا جائے گا۔